گارڈن ٹاؤن ( حافظ شہبازعلی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے سینئر کھلاڑیوں کے آئی پی ایل کھیلنے کیلئے پاکستان سیریز سے دستبرداری پر آئی سی سی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے آئی سی سی کی خاموشی پر سوال اٹھا دیا۔
ایک انٹرویو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے آئی سی سی پر تنقید کی اور معاملے پر اس کی خاموشی پر سوال اٹھا دیا، انضمام الحق کے مطابق کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ کی بجائے نجی لیگ کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں، پاکستان ٹیم جہاں بھی جا رہی ہے، انہیں اہم کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع نہیں مل رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اپریل میں جب پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ گئی تو انہوں نے اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے لیے بھیج دیا، پاکستان میں آئندہ نیوزی لینڈ سیریز کے ساتھ نیوزی لینڈ کے آٹھ کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کھیلنے کے لیے دورے سے دستبرداری اختیار کرلی ہے،حالیہ انگلینڈ کے دورے میں بھی کیمپ میں COVIDـ19 کی وجہ سے انگلینڈ کی پوری ٹیم بدل گئی ۔
انضمام الحق نے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم مناسب پریکٹس نہیں کر رہی ہے کیونکہ وہ اہم کھلاڑیوں کے خلاف نہیں کھیل رہی ہے، آئی سی سی کیا کر رہی ہے؟ وہ کیا پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں؟ کھلاڑی نجی لیگ کو اہمیت دے رہے ہیں نہ کہ بین الاقوامی کرکٹ کو یہ بین الاقوامی کرکٹ کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ پورا تسلسل دیکھیں تو یہ صرف پاکستان کے خلاف ہو رہا ہے۔