( قذافی بٹ ) وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا نیب کی جانب سے وزیراعلیٰ سے انکی جائیدادوں کی تفصیلات پوچھے جانے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز، فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ ہم ریاستی اداروں کی عزت کرتے ہیں، نیب کے خلاف کچھ نہیں بولوں گا۔
وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عثمان بزدار کا کیس چل رہا ہے نہ میں کچھ بولوں گا نہ وزیراعلیٰ بولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نہ ملزم ہیں نہ مجرم اور ابھی تک وعدہ معاف گواہ بننے کا کوئی نوٹیفکیشن سامنے نہیں آیا ہے۔
نیب کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب سے انکی جائیدادوں کی تفصیلات پوچھنے کے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں کی عزت کرتے ہیں، نیب کے خلاف کچھ نہیں بولوں گا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن نے دو تہائی اکثریت ہونے کے باوجود جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کی طرف توجہ نہ دی۔ پنجاب کی آدھی وزارتیں اپنے پاس رکھنے والے ظالمِ اعلیٰ شہباز شریف نے بطور وزیرِ اعلیٰ عوام کو بہاولپور صوبہ اور سرائیکی صوبہ میں الجھائے رکھا تاکہ اقتدار ان کے ہاتھ سے چھن نہ جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب سے صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وزیرِ خارجہ اور گورنر منتخب ہونے والے عوامی نمائندے بھی جنوبی پنجاب کے لیے وہ کام نہ کر سکے جو وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کر دکھایا ہے۔