چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا بروقت انصاف کیلئے اہم اقدام

13 Aug, 2020 | 07:32 PM

Malik Sultan Awan

(ملک اشرف) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کا بروقت انصاف کے حوالے سے اہم اقدام ،  کمرشل اور اوورسیز کے مقدمات بارے قائم عدالتوں کو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم اور جسٹس جواد حسن کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں عدالتوں کی فعالیت بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی ججز لائبریری میں جسٹس شاہد کریم اور جسٹس جواد حسن کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں عدالتوں کو فعال کرنے پرتبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں کمرشل کورٹس کے حوالے سے قانون سازی اور ججز ٹریننگ بارے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ججز نے کمرشل کورٹس کی قانون سازی کے لئے محکمہ قانون اور صنعت کو سیکرٹری پی اینڈ ڈی کے ساتھ ملکر اقدامات کرنے کی ہدایت کی، اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ مصالحتی نظام انصاف کے حوالے سے جدید قانون سازی وقت کا تقاضا ہے۔ کمرشل کورٹس کی فعالیت سے سرمایہ کاروں کا نظام انصاف پر اعتماد بڑھے گا۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ کمرشل کورٹس کے ججز کی بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ سے انصاف کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ جسٹس جواد حسن نے مزید کہا کہ عدالتیں آئی ٹی سے منسلک ہونے سے سائلین گھر بیھٹے اسکی پیش رفت سے آگاہ ہوسکیں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران بلوچ ،ایڈوکیٹ سپریم کورٹ ملک اویس خالد ، ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹری آصف علی فرخ ،ڈائریکٹر لیجسلیشن نعیم خان، ڈائریکٹر تحفظ صارف کونسل پنجاب عاصم صادق قریشی ، پروگرام ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی علی جلال، ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری ہائیکورٹ اور ریسرج آفیسر شفقت مگھیانہ سمیت دیگرز افسران نے شرکت کی ۔

مزیدخبریں