( شاہین عتیق ) ایڈیشنل سیشن جج عتیق الرحمان نے مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے پر گلوکاربلال سعید، صبا قمر اور محکمہ اوقاف کے افسروں کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں گلو کار صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف مسجد وزیر خان میں ڈانس کرنے پر دائر درخواست میں ایس ایچ او کو حکم دیا کہ بلال سعید اور صبا قمر نے مسجد کے اندر ڈانس کیا یہ جرم کے مرتکب ہوئے ہیں جو بھی اس کیس میں ذمہ۔دار ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور اگر پرچہ بنتا ہے تو پرچہ دیں۔
عدالت میں منظور چانڈیو نے درخواست دی تھی ،مسجد کی توہین اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی پوسٹیں سوشل میڈیا پر بھی شئیر کی گئی ہیں، مسجد کے اندر ڈانس اور گانا عکسبند کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی تھی۔
دوسری جانب مسجد وِزیر خان میں گانے کی ویڈیو ریکارڈنگ کے معاملہ پر بلال سعید نےسوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے مسجد وزیر خان کے سین شامل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ گلوکار بلال سعید کا کہنا تھا کہ مسلمان ہوں اور مسجد کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتا اور میں حلفیہ بیان دیتا ہوں کہ مسجد میں میوزک نہیں چلایا تھا۔