سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی میں لاہوریوں کا 10 واں نمبر

13 Aug, 2020 | 03:51 PM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی رامے) سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور شرپسندی کے واقعات، ضلعی سطح پر رپورٹ تیار، لاہوریئے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور شرپسندی میں10ویں نمبر پر ہیں۔

اس وقت سوشل میڈیا کا استعمال وسیع پیمانے پر ہورہا ہے دنیا کے سبھی ممالک جہاں سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی وجہ سے مستفید ہورہے ہیں وہیں بڑی حد تک اس کے غلط استعمال کی وجہ سے خمیازہ بھی بھگت رہے ہیں، جہاں سوشل میڈیا نے پوری دنیا میں انقلاب برپا کیا ہے وہیں دوسری طرف اس کے بھیانک نتائج بھی برآمد ہوئے ہیں۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور شر پسندی پھیلانے والوں کیخلاف ضلعی سطح پر رپورٹ تیار کی گئی ہے جس کے مطابق  حکومت پنجاب نے سائبر کرائم ونگ کو متعلقہ اضلاع میں کارروائیاں کرنے کے احکامات بھی دے دیئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لاہوریئے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور شرپسندی میں 10 ویں نمبر پر ہیں، لاہوریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شرپسندی کی شرح دیگر اضلاع کی نسبت کم ہے، شرپسندی میں راولپنڈی پہلے نمبر جبکہ سرگودھادوسرے اور فیصل آباد تیسرے نمبر پر ہے۔

  رپورٹ کے مطابق ڈی جی خان سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی میں چوتھے اور گوجرانوالہ 5 ویں نمبر پر ہیں، ساہیوال چھٹے، ملتان ساتویں، بہاولپور آٹھویں اور شیخوپورہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی میں 9 ویں نمبر پر ہے ۔

ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران اضلاع کو علماء کا داخلہ بند کرنے اور شرپسند افراد کی ضلع بدری کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔

 

ادھرلاہور پولیس نے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور مذہبی نفرت انگیز مواد کو ہٹانے کیلئے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے مدد مانگ لی۔

مزیدخبریں