شہر بھرسے(جمال الدین جمالی ، حافظ شہباز) لاہوریئے جشن آزادی کے لئے تیار، ڈی سی لاہور کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں چودہ اگست کی شب کوگریٹر اقبال پارک میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
ڈی سی لاہور دانش افضال کا کہناہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، ا س کی آزادی کا جشن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا،جشن آزادی منانے کیلئے چودہ اگست کی شب ٹھیک بارہ بجے گریٹر اقبال پارک میں آتش بازی کاشاندارمظاہرہ کیا جائے گا۔ادھرضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشن آزادی کورنگا رنگ بنانے کے لئے لبرٹی گول چکر پر تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے رنگا رنگ جھنڈیاں، برقی قمقموں اورلائٹس کا سامان لبرٹی گول چکر پر پہنچانا شروع کر دیا گیاہے، لبرٹی چوک اور ملحقہ سڑکوں کو سجایا جا رہا ہے۔ قذافی سٹیڈیم کو رنگ برنگے قمقموں سے سجادیا گیا،پی سی بی ہیڈ کوارٹر کو دلہن کی طرح سجایا گیاہے، قذافی سٹیڈیم 14 اگست کی شام تک یونہی جگمگاتا رہے گا۔
ون ویلرز،من چلے اور ہلڑ باز تیز رفتاری، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ روکنے کے لئے پولیس کے خصوصی دستے تعینات ہوچکے ہیں، مال روڈ ، کینال،جیل روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر ڈولفن اور پیرو فورس بھی مستعد رہے گی۔
یاد رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے سکولوں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشے کے باعث ڈی پی آئی سیکنڈری نے سیکرٹری سکولز کی ہدایات پر ایجوکیشن اتھارٹیز کو سکولوں میں تقریبات منعقد کرنے سے روک دیا۔ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے بھی احکامات موصول ہونے پر سربراہان کو جشن آزادی کی تقریبات منعقد کرنے سے روک دیا ہے ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی سکول میں جشن آزادی کی تقریب میں طلبہ کو مدعو نہ کیا جائے گا۔سکول سربراہان کی جانب سے سکولوں میں جشن آزادی کی تقریب یا پروگرام منعقد نہ کرائے جائیں۔احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ہیڈز کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔