سی ٹی او کا سرکاری گاڑیوں پر قومی پرچم آویزاں کرنے کا حکم

13 Aug, 2020 | 11:18 AM

Sughra Afzal

کچہری روڈ (عابد چودھری) سی ٹی او نے جشن آزادی کی مناسبت سے تمام سرکاری گاڑیوں، موٹرسائیکلوں پر قومی پرچم آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔

سی ٹی او سید حماد عابد نے ٹریفک پولیس کو جشن آزادی کے حوالے سے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ، ہلڑ بازی، زگ زیگ، ریسنگ کرنے والوں کیخلاف خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ بفل نکالنے والے، سائیلنسر اتروانے والوں کیخلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔

سید حماد عابدنے کہا کہ پکڑے جانے پر ون ویلرز اور موٹر مکینکس دونوں کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور ون ویلرز کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی دستے تعینات تیار کیے جا رہے ہیں جو کہ مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، علامہ اقبال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، کینال روڈ سمیت مصروف شاہراہوں پر تعینات ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر عارضی سپیڈ بریکر لگاتے ہوئے موٹر سائیکلسٹ کو کنٹرول کیا جائے گا، 18 سال سے کم عمر ڈرائیونگ پر ڈرائیور کی موٹرسائیکل، گاڑی، رکشہ کو 3 دن کیلئے بند رکھا جائے گا۔ 

لاہور سمیت ملک بھر میں جشن آزادی منانے کی تیاریاں زوروشورسے جاری ہیں، ضلعی انتظامیہ نے جشن آزادی کورنگا رنگ بنانے کیلئے لبرٹی گول چکر پر تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلئے، قذافی سٹیڈیم کو رنگ برنگے قمقموں سے سجادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی سی لاہور کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں چودہ اگست کی شب کو گریٹر اقبال پارک میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

ڈی سی لاہور دانش افضال کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، ا س کی آزادی کا جشن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، جشن آزادی منانے کیلئے چودہ اگست کی شب ٹھیک بارہ بجے گریٹر اقبال پارک میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

 

 

مزیدخبریں