ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے جویریہ سعود اور مایا خان کو سنجیدہ سوال پر غیر مناسب رویے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کےمطابق اداکارہ و میزبان نادیہ خان نےحال ہی میں مشہور نیوٹریشنسٹ اور ہربلسٹ حنا انیس کو مدعو کیا، جن کا ایک کلپ حالیہ دنوں میں وائرل ہوا۔
یہ کلپ جویریہ سعود کے لائیو رمضان ٹرانسمیشن سے تھا، جہاں ایک ناظر نے فون پر سوال کیا کہ میرے اور میری بیوی کے لیے کوئی ہربل ٹپس بتائیں تاکہ ہمیں اولاد کی خوشخبری مل سکے۔
اس سنجیدہ سوال پر جویریہ سعود اور مایا خان ہنسنے لگیں، جسے سوشل میڈیا پر غیر مناسب اور بے حس رویہ قرار دیا گیا۔
نادیہ خان نے اس وائرل واقعے پر کھل کر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جویریہ سعود اور مایا خان اس سوال پر ہنسی کیوں؟ سوال بالکل سنجیدہ نوعیت کا تھا، کالر نے بانجھ پن سے متعلق پریشانی کا اظہار کیا تھا اور اُس کا انداز بھی بالکل مہذب تھا، مایا خان کا اس موقع پر قہقہے لگانا بالکل غیر ضروری اور بےحسی پر مبنی تھا۔
حنا انیس نے بھی نادیہ خان کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ہربلسٹ ہوں اور مجھے ایسے سوالات روزانہ موصول ہوتے ہیں، بانجھ پن ایک حساس مسئلہ ہے اور اس پر لوگ بہت پریشان ہوتے ہیں، یہ ہرگز ہنسنے والی بات نہیں ہے۔
ویڈیو کلپ اور نادیہ خان کا مؤقف وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ان کی تعریف شروع کر دی، بیشتر صارفین نے نادیہ خان کی صاف گوئی کو سراہا اور جویریہ سعود اور مایا خان پر تنقید کی۔