سٹی42:اسٹیج، فلم اور ٹیلی ویژن کے نامور اداکار و کامیڈین جاوید کوڈو طویل علالت کے بعد 63 برس کی عمر میں لاہور کے جنرل ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار جاوید کوڈو جنہوں نے اپنے چھوٹے قد کی وجہ سے شہرت پائی متعدد اسٹیج ڈراموں سمیت متعدد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا۔
جاوید کوڈو نے اپنے کیریئر کا آغاز 1981 میں ڈرامہ سودے باز سے کیا، انھوں نے 150 پنجابی اور اردو فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کا ڈرامہ ’آشیانہ‘ آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔
ان کے قابل ذکر پاکستانی ڈراموں میں عینک والا جن اور آشیانہ شامل ہیں۔
جاوید کوڈو مزاح کے بادشاہ تھے اور انہوں نے سالوں تک مختلف سٹیج ڈراموں میں نامور فنکاروں کے ساتھ شاندار پرفارمنسز پیش کرکے لاکھوں مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں پھیلائیں۔
ان کی صحت کے مسائل کئی برسوں پر محیط رہے۔ 2016 میں انہیں دماغ کی شریان میں خرابی کے باعث گنگا رام ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جب کہ بعد ازاں ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ان کا کولہے کی ہڈی کا آپریشن بھی کیا گیا۔
اہل خانہ کے مطابق جاوید کوڈو شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا تھے، جاوید کوڈو تین بیٹوں اور بیوہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
جاوید کوڈو کے انتقال پر فلم، ٹی وی اور اسٹیج سے وابستہ فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔