احمد منصور : بونیر میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دو جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اپریل 2024 کو خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس حولدار مدثر محمود شہید (عمر، 36 سال، ساکن ضلع راولپنڈی) اور لانس نائیک حسیب جاوید شہید (عمر، 27 سال، ساکن ضلع پونچھ آزاد کشمیر) کی نماز جنازہ بونیر میں ادا کردی گئی۔
شہداء کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران و جوان, مقامی لوگوں اور پولیس کے عہدیداران نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم اور مادر وطن سے محبت کو تقویت دیتی ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔