وساکھی میلے میں شرکت کیلئے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

13 Apr, 2024 | 06:54 PM

ویب ڈیسک: وساکھی میلے میں شرکت کے لیے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ 

صوبائی وزراء رمیش سنگھ اروڑہ اور بلال اکبر خان نےسکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ 

ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور بھی موجود تھے۔ 

پاکستانی ہائی کمشن نئی دہلی نےسکھ یاتریوں کا 10 روز کا ویزہ جاری کیا ہے۔ بھارتی سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گورودوارہ سچا سودا، گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور کی یاترا کریں گے۔ سکھ یاتری متعدد ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے۔ 

جدھر ویساکھہ میلہ 2024 کی مرکزی تقریب بروز اتوار منعقد ہو گی۔ بھارتی سکھ یاتری گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد، گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور میں بھی ماتھا ٹیکیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم کا کہنا ہے کہ مہمانوں کی رہائش سکیورٹی ٹرانسپورٹ میڈیکل سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سکھ یاتری 22اپریل کو اپنی 10روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے گوردوارہ کو خوبصورت انداز میں سجانے کے علاوہ دیگر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام طعام، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا ہے کہ گوردوارہ پنجہ صاحب کو نئے رنگ و روغن،تزئین وآرائش اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب و دیگر گوردوارں میں بھی تمام انتظامات مکمل ہیں ۔ مترکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور سیکیورٹی عملہ دن رات یاتریوں کی خدمت میں مصروف رہیں گے، میڈیا کوریج کے لیے صحافیوں کے لیے بھی بہتر ین انتظامات کیے گئے ہیں۔ 

شٹل بس سروس کا افتتاح؛

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے شٹل بس سروس کا افتتاح کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کو واہگہ چیک پوسٹ سے واہگہ ریلوے اسٹیشن تک لے جایا جائے گا ۔

واہگہ بارڈر پر بھارتی جتھ لیڈر کلونت سنگھ  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان و پنجاب اور متروک وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ پاکستان میں مقدس استھان ہیں جنکی یاترا کے لیے لاکھوں سکھ بے تاب رہتے ہیں ۔ پاکستانی بھائیوں کی میزبانی ہمیشہ کی طرح ہمارے دلوں میں یادگار کے طور پر قائم رہے گی ۔

مزیدخبریں