وزیر کھیل بننے کے بعد سوشل میڈیا پر ہونیوالی ٹرولنگ ، وہاب ریاض کا ردعمل آگیا

13 Apr, 2023 | 01:46 PM

Ansa Awais

پنجاب کے نگران وزیر کھیل اور قومی کرکٹر وہاب ریاض نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر بننے پر پہلی مرتبہ سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ پر لب کشائی کی ہے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں جو سیاسی صورتحال چل رہی ہے ، یہ ہمیشہ سے ایسی ہی تھی، اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔خود پر ہونے والی ٹرولنگ سے متعلق وزیر کھیل نے کہا 'میرے اوپر کئی لوگوں نے تنقید کی، برا کہا لیکن کچھ نے اچھا بھی کہا، ہر انسان کی اپنی رائے ہوتی ہے اور میں سب کا احترام کرتا ہوں، یہ ان کی رائے ہے، میری رائے یہ تھی کہ مجھے کھیلوں کی بہتری کے لیے وزیر کھیل بننا چاہیے'۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ 'جیسی بھی سیاسی صورتحال چل رہی ہے، میرا بطور نگران وزیر کے اس سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ میں نگران سیٹ اپ کا حصہ ہوں جس کی مدت صرف تین ماہ ہے'۔ 

وزیر کھیل نے کہا 'لہٰذا ہم جو کام کرسکتے ہیں وہ کریں گے، میرا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ تعلق ہونا ضروری نہیں ہےاور میری کسی جماعت میں دلچسپی نہیں ہے کہ میں کہوں اس پارٹی کے ساتھ ہوں'۔وہاب نے مزید کہا کہ 'میں یہاں صرف نگران سیٹ اپ کے لیے آیا ہوں،  الیکشن میں جو بھی کامیاب ہوگا، ان کا کام ہے، وہ ہی جانیں'۔عمران خان سے رابطے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر کھیل نے بتایا کہ 'میری عمران خان سے زندگی میں کبھی بات نہیں ہوئی'۔

مزیدخبریں