ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی علیم خان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لئے تحریک انصاف کے نامزد کردہ امیدوار چودھری پرویز الٰہی کے لئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔
اب علیم خان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پرویز الٰہی کو اپنی ہار نظر آ رہی ہے، انہیں پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ حمزہ شہباز کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کا رشتہ ہے، وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے، ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہو گی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی دوڑ کے لیے پرویز الٰہی تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
چند روز قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے پہلے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کیا، پھر اسی روز 16 اپریل تک اجلاس ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر دیے تاہم بعد ازاں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس دوبارہ 6 اپریل کو بلانے کا اعلان کر دیا۔
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے 6 اپریل کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر تحریک انصاف نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی۔
مسلم لیگ ق کا دعویٰ ہے کہ پرویز الٰہی ہی وزیراعلیٰ پنجاب بنیں گے اور ہمارے نمبرز پورے ہیں جبکہ متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس 202 ممبران موجود ہیں، اگر پرویز الٰہی اتنے پرامید ہیں تو اجلاس بلائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔