(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آج پشاورسے رابطہ مہم چلائے گی جس کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی تاہم پی ٹی آئی نے لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کی تاریخ تبدیل کردی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نےسوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 23 اپریل کوحضرت علیؓ کے یوم شہادت کے باعث مینارِ پاکستان پر ہونے والے عمران خان کے جلسے کی تاریخ کو تبدیل کر دیا گی. فرخ حبیب نے جلسے کی تبدیل شدہ تاریخ بتاتے ہوئے لکھا کہ اب یہ جلسہ 24 اپریل بروز اتوار کو ہو گا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کا حکومت کے خاتمے کے بعد پہلا عوامی جلسہ آج پشاور میں ہوگا، جلسے کے لئے پشاور رنگ روڈ پر میدان سج گیا ہے اور تمام تر سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جو رات 9 بجے شروع ہوگا ۔جلسے سے عمران خان اور اس کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین بھی خطاب کرینگے ۔
سابق وزیراعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پشاور کے لوگوں آج آپ کے پاس آرہا ہوں، سازش کے ذریعے ایک امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، سازش کے ذریعے حکومت ہٹانے کے بعد یہ پہلا جلسہ ہو گا، پشاور جلسہ میں آپ سے یہ ساری باتیں کروں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اپنی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت قوم کرتی ہے، جمہوریت کی حفاظت کوئی فوج یا باہر کی قوت نہیں کرسکتی، پاکستان میں فوری انتخابات کروائیں جائیں۔