(عمران یونس)شنگھائی برج فیروزپور روڈ پر مذہبی جماعت کے کارکنوں کے احتجاج کے باعث علاقہ میدان جنگ بنا رہا،ٹریفک کی روانی اور کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر رہیں۔
شنگھائی برج فیروزپور روڈ پر مذہبی جماعت کے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ۔روڈ خالی نہ کرنے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراو اور شیلنگ شروع ہو گئی ۔شیلنگ کے باعث مظاہرین شنگھائی روڈ اور کماہاں روڈ کی جانب سے نکل گئے ۔شیلنگ ختم ہونے کے بعد مظاہرین دوبارہ شنگھائی برج پر آگئے اور پولیس کو واپس جانا پڑا۔ مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی ۔کاروباری مراکز بھی شیلنگ اور پتھراو کے باعث بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ احتجاجی مظاہروں کے باعث بند راستے فوری طور پر کھلواکر عوام کی مشکلات دور کی جائیں۔و زیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اجلاس میں احتجاج کی وجہ سے بند راستے کھولنے کی حکمت عملی طے کی گئی ۔
راجہ بشارت نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں کے باعث بند راستے فوری طور پر کھلوائے جائیں،ذرائع آمد و رفت بحال کرکے عوام کی مشکلات دور کریں۔ وزیر قانون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایات نچلی سطح تک پہنچائے کی تاکید کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں۔
راجہ بشارت نے رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر مظاہرین سے اپیل کی ،وہ احترام رمضان میں پر تشدد احتجاج فوری روک دیں، دوسرے مسلمان بھائیوں کے ساتھ خود بھی آزادانہ عبادت کی سعادت حاصل کریں،تشدد اور توڑ پھوڑ دین اسلام کی پر امن تعلیمات کے برعکس ہے۔ انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے ایمبولینسز اور آکسیجن والی گاڑیاں ہسپتالوں میں نہیں پہنچ سکیں جس کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔