امریکہ میں پاکستانی کرکٹرز کی مانگ بڑھنے لگی

13 Apr, 2021 | 02:03 PM

Arslan Sheikh

سٹی42: امریکہ میں ہیوسٹن اوپن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ میں شرکت  کرنے کیلئے چار پاکستانی کھلاڑی امریکہ روانہ ہوگئے۔

امریکہ میں ہونیوالی مختلف لیگز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی اہمیت میں اضافہ ہونے لگا، امریکہ میں ہیوسٹن اوپن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ میں شرکت کیلئے چار پاکستانی کھلاڑی امریکہ چلے گئے۔ امریکہ جانیوالے کھلاڑیوں میں محمدالیاس، حماد اعظم، اویس ضیااور عمر خان شامل ہیں۔ چاروں کھلاڑیوں کے علاوہ امریکا میں مقیم پاکستانی کھلاڑی بھی اس لیگ میں حصہ لیں گے۔

ہیوسٹن اوپن ٹی ٹوئنٹی 2021 اٹھارہ اپریل سے شروع ہوگی۔پاکستان سے جانیوالے چاروں کرکٹرز ہیوسٹن سٹالینز کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹر نین عابدی یو ایس کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گی۔ نین عابدی وہ واحد کرکٹر ہیں جو پاکستان کے بعد امریکہ کیلئے کھیلیں گی۔ پاکستان ویمن ٹیم کی سابق نائب کپتان گرین شرٹس کیلئے 87 ون ڈے، 68 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکی ہیں۔ 

یو ایس کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یو ایس کرکٹ آفیشلز نے ان سے رابطہ کیا تھا۔ جس کے بعد پی سی بی سے اجازت طلب کی، بورڈ سے اجازت مل چکی ہے، خوش ہوں کہ پاکستان کے بعد اب یو ایس اے کیلئے کھیلوں گی۔ خاتون کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ یو ایس اے ٹیم کا کنڈیشننگ کیمپ 15 اپریل کو ڈیلاس میں لگے گا، جہاں آئی سی سی ویمنز کوالیفائرز کی تیاری کریں گے۔   

مزیدخبریں