نیب نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور کیس کھول دیا

13 Apr, 2021 | 09:18 AM

Sughra Afzal

ٹھوکر نیاز بیگ (شاہین عتیق) بینک آف پنجاب کی تقرریوں میں بے ضابطگیوں کا الزام، نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیخلاف ایک اور کیس کھول دیا۔ 

نیب راولپنڈی نے احتساب عدالت میں شہباز شریف سے جیل میں بینک آف پنجاب کیس میں تفتیش کرنے کی درخواست دائر کی، احتساب کورٹ کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد کی عدالت کو بتایا گیا کہ شہباز شریف نے اپنے دور میں جو تقرریاں کیں اس میں بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، اس حوالے سے ان سے تفتیش کرنی ہے، عدالت نے نیب راولپنڈی کو جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے دی، ٹیم کسی بھی وقت شہباز شریف سے تفتیش کرنے کوٹ لکھپت جیل پہنچ جائے گی، جیل کوٹ لکھپت کو اطلاع کر دی گئی۔

دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت آج ہوگی، لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین، ڈی جی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے۔جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ آج سماعت کرے گا، درخواست گزار کی طرف سے امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ پیش ہوں گے۔

درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی سے آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا اور شہباز شریف کو گرفتار کیا۔ حکومت نے اپوزیشن کی آواز دبانے کیلئے شہباز شریف کیخلاف مقدمات کی سیریز شروع کی ہے، نیب نے اہلخانہ کو بدنیتی سے بے نامی دار قرار دیا ،4 وعدہ معاف گواہوں میں سے کسی ایک گواہ نے بھی شہباز شریف کو اپنے بیان میں نامزد نہیں کیا، درخواست گزار28 ستمبر 2020 سے گرفتار ہے، حراست کی وجہ سے بطور اپوزیشن لیڈر فرائض میں دشواری کا سامنا ہے، منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز سمیت دیگر شریک ملزموں کی ضمانت ہو چکی ہے۔

استدعا ہے کہ بعد از گرفتاری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزیدخبریں