سٹی42:کورونا کے وار جاری،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 118افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کا عفریت گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 118افراد کی زندگیاں نگل گیا جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد15619ہو گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 50ہزار 520 افراد کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4ہزار318 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پازیٹیو کیسز کی شرح 8اعشاریہ 54رہی۔ پنجاب میں 2 لاکھ 52 ہزار 974، سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 474، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 275، بلوچستان میں 20 ہزار 397، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 130، اسلام آباد میں 66 ہزار 983 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 ہزار 687 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 8 لاکھ 29 ہزار 994 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اب تک 6 لاکھ 38 ہزار 267 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 198 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں 7 ہزار 62، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 683، اسلام آباد میں 617، بلوچستان میں 217، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 407 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات،ہزاروں نئے کیسز رپورٹ
13 Apr, 2021 | 08:41 AM