پنجاب حکومت کا اداروں کو مزید ضمنی گرانٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ

13 Apr, 2020 | 09:30 PM

وقار نیازی

عمران یونس: وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت بجٹ2020-21ء کی تیاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس، محکمہ صحت سمیت تمام اداروں کو مزید کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ ، وزیر خزانہ کا کہنا ہےمحکمہ صحت میں طبی عملہ کے علاوہ کہیں کوئی بھرتی اور غیر ضروری خریداری نہیں کی جائیگی۔
وزیر خزانہ پنجاب کی زیر صدارت بجٹ2020-21ء کی تیاری کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان، سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شیخ حامد یعقوب، سیکرٹری وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ افتخار سہو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے اجلاس کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور صوبے کی موجودہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائر س کی روک تھام اور متاثرین کی بحالی پر اضافی اخراجات صوبائی وسائل کو متاثر کر رہے ہیں ۔ان اخراجات کابراہ راست اثر آئندہ مالی سال کے بجٹ پر ہو گا۔

وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ کورونا کے سبب معیشت کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔ اس وقت ہماری اولین ترجیح وائرس سے متاثرہ افراد اور کاروبار ہیں۔ محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے 15ارب روپے کے اضافی فنڈز، مستحق افراد کی مالی معاونت کیلئے10ارب روپے کا پیکج ، کاروباری افراد کے لیے 18ارب سے زائد کا ٹیکس ریلیف پیکج اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ محکموں کو مزید کوئی ضمنی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔تاہم ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے حفاظتی لباس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں