لیسکو نے شہریوں کو بل بھیجنے کی ٹھان لی ،شیڈول جاری

13 Apr, 2020 | 03:04 PM

Azhar Thiraj

شاہد ندیم: لیسکو نے رواں ماہ گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو بلنگ کرنے کا شیڈول جاری کر دیا، تمام صارفین کو اوسط کی بجائے میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھجوانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔



لیسکو نے ماہ اپریل میں گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کی بلنگ کا شیڈول جاری کر دیا ہے،  کورونا  وائرس کی وجہ سے گزشتہ ماہ بعض گھریلو صارفین کو اوسط بل بھجوائے گئے تاہم رواں ماہ ریڈنگ سیکشن کو صارفین کے میٹرز کی تصاویر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز بشیر احمد کے مطابق میٹر ریڈنگ کے مطابق صارفین کو بل بھجوائے جائیں گے، یوم مزدور پر چھٹی کی وجہ سے ریڈنگ کا شیڈول نہیں بنایا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتی صارفین کی ریڈنگ متعلقہ آفیسر کو لینا ہو گی، ایس ڈی اوز، میٹر انسپکٹرز اور میٹر ریڈرز صارفین کو بروقت بلنگ کریں گے۔

 یاد رہے پاکستان میں  کورونا وائرس کے کیسز  تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد  بڑھتی جارہی ہے ،  پنجاب سے کورونا وائرس کے مزید 130 کیس سامنے آگئے، تعداد 2656 ہو گئی۔  پنجاب میں 24  جبکہ لاہور میں  اب تک 11 اموات ریکارڈ ہوئیں۔پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 94 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4577 تک پہنچ گئی۔ملک میں ہونے والی 94 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 34، سندھ 31 اور پنجاب میں 23 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کے تحت تمام سرکاری دفاتر بند ہیں،نجی کاروبار بھی لاک ہیں،تعلیمی اداروں میں چھٹیاں ہیں،پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے،کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں،سیاحتی مقامات،پارکس میں ویرانی ہے ۔ایسا ماحول کب تک رہتا ہے اس بارے حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا جاسکا۔


 

مزیدخبریں