اقبال ٹاون (زین مدنی )تھیٹر انڈسٹری کے سب سے بڑے مرکز علی عیسیٰ اینڈ کمپنی کو کورونا وائرس کے پھیلنے اور موجودہ لاک ڈاون کے باعث عارضی طور پر بند کردیاگیا ہے ۔
اس سلسلے میں چیرمین علی عیسیٰ اینڈ کمپنی سخی سرور نے تمام سٹیج پرڈیوسرز ، فنکاروں ، ہدایتکاروں سمیت دیگر تکنیک کاروں کو مطلع کردیاہے۔ علی عیسیٰ اینڈ کمپنی کے سپوکس مین پرسن سیف گورائیہ نے اس سلسلے میں سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے خطرات کے پیش نظر عارضی طور پر مرکز کو بند کیا گیا ہے اور جونہی حالات ٹھیک ہوں گے علی عیسیٰ اینڈ کمپنی مرکز کو دوبارہ سے کھول دیا جائے گا ۔
سیف گورائیہ نے بتایا کہ جس بھی تکنیک کار تھیٹر فنکار یا پرڈیوسر کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہوتو وہ ان کے ساتھ فون پر رابطہ کر سکتا ہے جبکہ سیف گورائیہ کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے جو فنڈز دیئے جانے ہیں اس کے فارم بھی انہی سے مل سکتے ہیں اس لئے فنکار تکنیک کار جو حکومتی امداد لینے کے لئے خود کو اہل سمجھتے ہوں وہ ان سے براہ راست رابطہ کریں اور علی عیسیٰ اینڈ کمپنی مرکز نہ جائیں ۔دوسری جانب علی عیسیٰ اینڈ کمپنی کے دیگر پرڈیوسرز قیصر ثناءاللہ خان،اکبر بٹ ،علی جمشید المعروف علی کینیڈا والے اور دیگر پرڈیوسرز بھی ان دنوں قرنطینہ میں ہیں اور مرکز نہیں جا رہے.
دوسری جانب اجوکا تھیٹر کی روح رواں معروف مصنفہ سوشل ایکٹوسٹ مدیحہ گوہر مرحومہ کے صاحبزادے نروان ندیم کا کرونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاون میں نکاح ہوگیا ۔نکاح کی تقریب کینٹ میں ان کی رہائش گا ہ پر منعقد کی گئی جس میں صرف دلہا دلہن کے پانچ رشتے داروں نے شرکت کی ،نروان ندیم کا نکاح اینکر پرسن فضہ جمال کے ساتھ ہوا ہے ۔
دعوت ولیمہ لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد منعقد کیا جائے گا، نروان ندیم کے والد شاہد محمود ندیم کے مطابق لاک ڈاون کی صورتحال کے باعث نکاح کی تقریب کو انتہائی مختصر رکھا گیا ہے اور بہت سوچ سمجھ کر نکاح کی تقریب کا انعقاد کیاگیا ہے ۔شاہد محمود ندیم کا کہنا ہے کہ دعوت ولیمہ جلد صورتحال ٹھیک ہونے کے بعد کیا جائے گا جس میں تمام دوست احباب کو بھی دعوت دی جائے گی۔