سٹی 42: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں اور رواں ماہ بورڈ کے اجلاس میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے اہم بیان میں کہا کہ الحمدللہ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں، جس کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی ٹیم، آئی ایم ایف کی مذاکراتی ٹیم اور متعلقہ اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حتمی مراحل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ آئی ایف کے بورڈ کے اجلاس میں ان معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کے رجحان سے عام آدمی کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا ہے۔