ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر دوسری پاور کمپنی بھی ٹیرف کم کرنے کے لیے تیار ہوگئی ۔
لبرٹی پاور کے بعد گل احمد ونڈ پاور نے بھی قیمتوں میں کمی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔گل احمد انرجی کے چیئرمین دانش اقبال نے کہا کہ بحیثیت پروڈیوسر ملکی مفاد میں بہتری کے لیےکوشاں ہیں، توانائی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، ونڈ اور سولر پلانٹ کے ذریعے بجلی بنائی جائے گی تو ٹیرف بہت کم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی طلب زیادہ اور پیداوار کم ہے، ہمیں بیرونی سرمایہ کاروں کو لاکرسستی بجلی بنانے کی کوشش کرنی ہے اور ان سے بات چیت کرکے کوئی راستہ نکالنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بلوں کا مسئلہ سنگین صورت حال اختیار کرتا جارہا ہے، حالیہ برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بلوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک بڑی وجہ ملک میں بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں یا انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کا کردار ہے۔
آئی پی پیز پر تنقید کی جارہی ہے کیونکہ ان کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے مہنگے ثابت ہو رہے ہیں۔ ان معاہدوں کے تحت حکومت کو بجلی کی پیداوار کے لیے آئی پی پیز کو بھاری ادائیگیاں کرنی پڑتی ہیں، جس کا بوجھ بالآخر عوام پر پڑتا ہے۔