ویب ڈیسک : کوئٹہ کے تھانے میں بند ملزم کو پولیس اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق جمعرات کو ایک پولیس اہلکار نے توہین مذہب کے الزام میں حراست میں لیے گئے ایک شخص کو گولی مار دی، مقتول کو شخص کو بدھ کو اس کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس دوران تقریباً 200 افراد کے ہجوم نے اُس پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول دیا جہاں ملزم کو رکھا گیا تھا، جس کے بعد حکام ملزم کو وہاں سے دوسرے تھانے منتقل کرنے پر مجبور ہوگئے۔
بلوچستان پولیس کے سربراہ معظم جاہ انصاری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار نے لاک اپ کے اندر ملزم پر حملہ کیا اور اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
انسانی حقوق کے گروپس کا کہنا ہے کہ توہین مذہب کے الزامات کو اکثر ذاتی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جس کا زیادہ تر ہدف اقلیتیں ہیں۔