چیمپینز کپ ٹورنامنٹ سے قومی کرکٹ ٹیم میں بیک اپ کھلاڑی تیار ہوں گے ؛ محسن نقوی

12 Sep, 2024 | 07:12 PM

ارسلان خان: چیئرمین  پاکستان  کرکٹ بورڈ محسن  نقوی نے  فیصل آباد کا دورہ کیا ، چیمپینز کپ کی پانچوں ٹیموں  کے مینٹورز سے ملاقات کی ۔ ٹورنامنٹ کے انتظامات پر تفصیلی مشاورت بھی کی 

 چئیرمین پی سی بی سے وولفز سکواڈ کے مینٹور مصباح الحق،سٹالنیز کے مینٹور شعیب ملک، لائنز کے مینٹور وقار یونس، ڈولفز کے مینٹور سرفراز احمد اور پنتھرز کے مینٹور ثقلین مشتاق نے ملاقات کی۔مینٹورز نے چیمپئنز کپ کو ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے اہم ٹورنامنٹ قرار دیا اور اقبال سٹیڈیم کی پچز اور گراؤنڈ کی بہتری کیلئے تجاویز دیں۔

 چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے پچز اور گراؤنڈ کا معیار بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کھلاڑیوں کو پریکٹس کے لئے یکساں مواقع دئیے جائیں گے۔ 
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے موقع پر ہی ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کو ہدایات دیں،

محسن  نقوی  نے کہا تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ورزش کے لئے بہترین جم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ چیمپئنز کپ ٹورنامنٹ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جنہیں پرفارمنس پر آگے آنے کا موقع دیں گے،قومی کرکٹ ٹیم کے لئے تینوں فارمیٹ کے لئے بیک اپ کھلاڑی تیار ہوں گے۔ چیمپئنز کپ کو پاکستان کا برانڈ بنانا ہے ، اس ضمن میں مینٹورز پر بہت ذمہ داری ہے۔،امید ہے کہ آپ سب ملکر چیمپئنز کپ ٹورنامنٹ کو کامیاب بنائیں گے۔
  اس موقع پر ایڈوائزر بلال افضل،پی سی بی کےڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ، ڈائریکٹر پی ایس ایل،سینئر جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں