محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں مشکوک ادائیگیوں کا سکینڈل سامنے آگیا

12 Sep, 2024 | 01:42 PM

Ansa Awais

قیصر کھوکھر : محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں مشکوک ادائیگیوں کا سکینڈل سامنے آگیا ، محکمہ اینٹی کرپشن نے اڑھائی کروڑ کی برآمدگی کرکے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا۔

 پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ اکاؤ نٹس آفس شیخوپورہ کے عملہ کی ملی بھگت سے 1 ارب 60 کروڑ روپے کی مشکوک ادائیگیوں کا بڑا سکینڈل سامنے آگیا۔ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر کی تفتیشی ٹیم نے اڑھائی کروڑ کی برآمدگی کرکے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ،ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس عملہ اور ٹھیکیداروں کے نام ای سی ایل میں ڈلوا دیئے۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے فراڈ میں ملوث افسروں و عملہ کی رہائشگاہوں لاہور کینال ویو،شیخوپورہ اور قصور میں چھاپے مارے ۔ گھروں سے نقدی اور جیولری برآمد کرلی گئی ۔اینٹی کرپشن کے مطابق بوگس بلز کے میگا سکینڈل میں ملوث افسروں و عملہ نے پوش علاقوں میں بڑے بڑے گھر،ڈیری فارمز ،قیمتی جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر شیخوپورہ محمد منور کسانہ نے 29 کروڑ 89 ہزار کی کرپشن کا اعتراف کرلیا۔

مزیدخبریں