ویب ڈیسک: کئی بار ایک چیز جو کسی فرد کی نظر میں کوڑا ہوتی ہے، وہ دوسرے فرد کے لیے خزانہ ثابت ہوتی ہے۔ ایسا ہی حیرت انگیز واقعہ یورپی ملک رومانیہ میں سامنے آیا جہاں دہائیوں سے دروازہ کھولنے کے لیے استعمال ہونے والا ایک بڑا پتھر خزانہ ثابت ہوا۔
یہ ساڑھے 3 کلو گرام وزنی پتھر جنوب مشرقی رومانیہ میں ایک خاتون نے ایک چشمے کی تہہ میں دریافت کیا اور گھر لاکر اسے استعمال کرنے لگی۔ مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کا دریافت کردہ پتھر دنیا میں موجود عنبر کے چند بڑے ٹکڑوں میں سے ایک ثابت ہوا۔عنبر کے اس ٹکڑے کی قیمت 11 لاکھ ڈالرز کے برابر ہے، یہ رقم پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 30 کروڑ روپے بنتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ عنبر حقیقت میں کروڑوں سال پہلے کسی درخت سے نکلنے والی رال ہے جو وقت کے ساتھ سخت شکل اختیار کرکے محفوظ ہوگیا۔
رومانیہ کے ایک گاؤں Colti میں کافی اس طرح کے قیمتی پتھر دریافت ہوئے ہیں اور وہ خاتون بھی اسی گاؤں کی رہائشی تھی۔ خاتون کی جانب سے پتھر کو اس طرح عام کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا کہ ایک بار وہاں آنے والے چوروں نے بھی اسے بیکار سمجھ کر چھوڑ دیا۔
1991 میں خاتون کی موت کے بعد اس کے ایک رشتے دار کو یہ گھر ورثے میں ملا۔ اسے شک ہوا کہ یہ پتھر عام نہیں بلکہ زیادہ قیمتی ہے۔ جب اسے معلوم ہوا کہ یہ لاکھوں سال پرانا عنبر ہے تو اس نے اسے مقامی حکام کو فروخت کر دیا۔
اس کا معائنہ ماہرین سے کرایا گیا تو انہوں نے تخمینہ لگایا کہ یہ عنبر ساڑھے 3 سے 7 کروڑ سال پرانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی میوزیم کے ماہرین نے بتایا کہ یہ دریافت سائنسی اور تاریخی دونوں لحاظ سے بہت اہم ہے۔ اسے اب رومانیہ کا قومی خزانہ قرار دیا گیا ہے اور یہ ٹکڑا 2022 سے Buzau میوزیم میں موجود ہے۔