ویب ڈیسک: سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں ریزیڈنسی، لیبر قوانین اور سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تقریبا 15 ہزار 5 سو68 افراد کو گرفتارکرلیا گیا ۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ مذکورہ گرفتاریاں یکم سے 7 ستمبر کے ہفتے کے دوران مملکت بھر میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف یونٹس کی جانب سے کی گئی۔
ریزیڈنسی سِسٹم کی خلاف ورزی کرنے والے 9 ہزار331 افراد، 4 ہزار 226 بارڈر سیکیورٹی رولز کی خلاف ورزی کرنے والے اور 2 ہزار 11 لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مزید 260 افراد کو سرحد عبور کرکے مملکت میں داخل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، جن میں 27 فیصد یمنی، 65 فیصد ایتھوپیا اور 8 فیصد دیگر قومیتوں کے افراد شامل تھے، جن میں سے 38 خلاف ورزی کرنے والے سعودی عرب سے باہرجانے کے لیے سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
حکام کے مطابق اس وقت کل 46 ہزار64 افراد جوضابطوں کی خلاف ورزی کے طریقہ کار کا شکار ہیں، جن میں سے 43,005 مرد اور 3,059 خواتین شامل ہیں۔ان میں سے 36,540 خلاف ورزی کرنے والوں کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ان کے سفارتی مِشنوں کو بھیجا گیا اور 9,293 خلاف ورزی کرنے والوں کو ملک بدر کردیا گیا۔
وزارت داخلہ نے اس بات پرزور دیا کہ جو کوئی بھی کسی درانداز کو مملکت میں داخلے میں سہولت فراہم کرے گا یا اسے نقل و حمل یا پناہ یا کوئی مدد فراہم کرے گا اسے 15 سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ ریال جرمانہ کے ساتھ تمام املاک کو ضبط بھی کیا جائے گا۔