(اسرار خان)ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری کے حکم پر لاہور پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن، مون مارکیٹ اقبال ٹاؤن سے خواجہ سراء کو بھیک مانگتے پکڑا گیا تو ساتھیوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق مون مارکیٹ علامہ اقبال ٹاؤن میں ٹریفک اشاروں پر بھیک مانگنے والے خواجہ سراؤں کو حراست میں لیا گیا، تو ان کے ساتھیوں نے تھانہ اقبال ٹاؤن کے سامنے احتجاج شروع کر دیا۔
مظاہرین نے پولیس مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، پولیس نے مظاہرین کیساتھ مذاکرات کی کوشش کی، ناکامی پر پولیس نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے کر سڑک ٹریفک کیلئے کھول دی ۔
دوسری جانب پیشہ وربھکاریوں کا نیٹ ورک توڑنے کیلئے سی آئی اے کو ٹاسک مل گیا، سی سی پی او کی ہدایت پر سی آئی اے نے کارروائیاں شروع کر دیں، ساڑھے 4 سو سے زائد بھکاری گرفتار، مقدمات درج کرلئے گئے۔
سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر کے مطابق گداگروں کے پیچھے منظم گروہ کو پکڑنے کیلئے سی آئی اے نے کام کرنا شروع کردیا ہے، گداگری کے جرم میں پکڑے جانیوالے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو جبکہ نشے کے عادی گداگروں کو بیگرز ہومز میں بھجوایا جائے گا۔
لاہور پولیس نے گزشتہ رات گداگروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کیا اور ساڑھے چار سو سے زائد بھکاریوں کو گرفتار کرکے مقدمات کا اندراج کر لیا، پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن میں 55، کینٹ ڈویژن میں 28 اور سول لائنز میں 50، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 57، صدر ڈویژن میں 79 اور ماڈلٹاؤن ڈویژن میں 78 مقدمات درج کئے گئے۔