( حسن علی ) شہر میں طلب کے مطابق آٹے کی فراہمی کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، ادھر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آنے والے دنوں میں آٹے کی مزید قلت کا عندیہ دے دیا۔
شہرمیں آٹے کی طلب کے مطابق فراہمی نہ ہونے سے شہری پریشان ہیں۔ بیشتر علاقوں میں دس کلو کا آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں جبکہ بیس کلو آٹے کا تھیلا بھی طلب کے مطابق فراہم نہیں کیا جاسکا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے لاہور کی فلور ملزکو سرکاری گندم کا کوٹہ 17000 ٹن فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلورملز ایک لاکھ تیس ہزار آٹے کے تھیلے شہر میں فراہم کررہی ہیں جبکہ شہر میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی طلب دو لاکھ پچاس ہزار ہے، جس کے باعث قلت کا سامنا ہے۔ اس وقت پنجاب سمیت ملک بھر میں 25 لاکھ ٹن گندم کی قلت ہے، حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہونگے ورنہ آٹے کی قلت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا دستیاب نہ ہونے کے باعث شہری یوٹیلٹی سٹورز کا رخ کرتے نظر آئے، یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹے کا 20 کلو کا تھیلا طلب کے مطابق فراہم نہیں کیا جا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگرحکومت فلور ملز کے سرکاری گندم کے کوٹے میں اضافہ کرتی ہے تو طلب کے مطابق آٹا شہر میں فراہم کر دیا جائے گا۔