خاتون سے زیادتی کا واقعہ، وکلاء نے بڑا مطالبہ کردیا

12 Sep, 2020 | 05:17 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) قانونی ماہرین نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے واقعہ کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے موجودہ تفتیشی نظام کو ناقص قرار دیدیا اور قانون شہادت میں ترمیم اور تفتیشی نظام کو بہتر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وکلاء کہتے ہیں کہ قانون میں ترمیم ہونے تک ملزم سزا سے بچتے رہیں گے۔

ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس وکلاء رہنماء احسن بھون، عابد ساقی سمیت دیگر نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا خاتون سے زیادتی انتہائی شرمناک ہے، واقعہ پوری قوم کیلئے باعث شرم ہے، بحیثیت قوم ہمیں غور کرنا ہوگا جبکہ سی سی پی او کے الفاظ کا چناؤ مناسب نہیں تھا۔

وکیل رہنما احسن بھون نے کہا کہ موجودہ تفتیشی نظام انتہاہی ناقص ہے۔ قانون شہادت سمیت دیگر قوانین میں ترمیم کرنا ہوگی، تفتیش کو قابل ادخال شہادت بنایا جانا چاہیے، قانون میں ترمیم ہونے تک زیادتی جیسے جرائم میں ملوث درندے سزا سے بچتے رہیں گے۔

وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے کہا کہ زیادتی واقعہ حکومت کی ناکامی ہے۔ بطور قوم بھی یہ واقعہ ہمارے لئے باعث شرمندگی ہے، حکومت اور پولیس ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوچکی ہے۔

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی نے کہا کہ سانحہ پر پوری قوم افسردہ ہے، پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوچکی، تفتیشی نظام تبدیل اور قانون میں ترمیم کی جائے۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اکرم خاکسار سمیت دیگر وکلاء نے قانون میں ترمیم اور ملزمان کو فوری گرفتار کرکے ان کیخلاف قانون کے مطابق سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں