(ریحان گل) سرکاری جامعات میں نئے داخلوں کی پالیسی وضع کر لی گئی، سپیشل کیٹیگری کے طلبا کی سہولت کیلئے نئے داخلے وسط نومبر سے شروع کیے جائیں گے جبکہ پہلا سمسٹر دسمبر سے شروع ہو گا۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے باعث بورڈ طلبا کو بغیر امتحان اگلی جماعتوں میں ترقی دی جائے گی، تاہم سپیشل کیٹیگری کے ایک لاکھ دس ہزار طلبا کا امتحان لیا جائے گا جن کا نتیجہ نومبر کے وسط تک جاری کیا جائے گا، جس کے باعث سرکاری جامعات میں نئے داخلوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق یونیورسٹیز کا پہلا سمسٹر معمول سے تاخیر سے شروع ہو گا، پہلے سمسٹر میں داخلے 15 نومبر سے 15 دسمبر تک کیے جائیں گے جبکہ پہلے سمسٹر کی کلاسز دسمبر کے آخر میں شروع کی جائیں گی، پہلے سمسٹر کی تاخیر گرمیوں کی چھٹیوں میں پوری کی جائے گی، جامعات میں داخلوں اور میرٹ لسٹ کیلئے مرکزی ویب پورٹل بنائی جائے گی اور یونیورسٹیز میں محکمہ صحت کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تمام سرکاری جامعات کو اپنی داخلہ پالیسی پنجاب حکومت کو جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، مشاورت کے بعد تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے داخلہ پالیسی پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔
دوسری جانب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 15 ستمبر سے سرکاری یونیورسٹیز کھولنے کی پالیسی فائنل کرلی، یونیورسٹیوں میں ایم فل، پی ایچ ڈی اور بی ایس آنرز ساتویں سمسٹر کے طلبا کیلئے کلاسز ہوں گی، صرف 30 فیصد طلبا کو یونیورسٹی بلایا جائے گا۔
پالیسی کے مطابق دوسرے، تیسرے، چوتھے، پانچویں اور چھٹے سمسٹرز کی کلاسز آن لائن ہوں گی، یونیورسٹیوں کے ہاسٹلز صرف ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کیلئے کھولے جائیں گے، یونیورسٹیوں کے کلاس روم میں ہونے والے لیکچرز بیک وقت آن لائن بھی ہوں گے۔