موٹروے پر خاتون کیساتھ اجتماعی زیادتی کے ملزموں سے متعلق بڑی خبر

12 Sep, 2020 | 11:30 AM

Sughra Afzal
Read more!

کوئنز روڈ (عرفان ملک) موٹروے پر خاتون کیساتھ اجتماعی زیادتی کے ملزموں سے متعلق بڑی خبر، فرانزک ایجنسی کے مطابق مشتبہ ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کو تفصیلات بتادی گئیں، ذمہ دار میڈیا کے طور پر گرفتاری تک تفصیلات سامنے نہیں لاسکتے، تفصیلات بتانے سے کیس میں ملزم کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب کیس کی مزید تحقیقات کیلئے گجر پورہ پولیس نے پرانے تفتیش کاروں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس جرم کی دنیا چھوڑدینے والے ماضی کے گھاگ کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کرے گی، جائے وقوعہ کے اطراف 5 کلومیٹر کے علاقے میں مشکوک پوائنٹس مارک، سادہ لباس میں ملبوس اہلکار کرول جنگل تک پھیل گئے، کھوجیوں کی نشاندہی سمیت مختلف شواہد پر سات مشتبہ افراد محمد کاشف، عابد، سلمان، عبدالرحمان، حیدر سلطان، ابوبکر، اصغر علی کو حراست میں لیا گیا۔ مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطح کی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تفتیش کے معاملات کے ہر پہلو کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے، ایف آئی آر میں نامزد ملزموں سے ملتے جلتے حلیہ جات کے حامل15مشتبہ افراد کی پروفائلنگ کی گئی ہے، میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی، شیطان صفت درندوں نے مزاحمت پر خاتون پر تشدد کیا، متاثرہ خاتون کے چہرے پر زخم کے دو نشانات موجود ہیں، مزید ٹیسٹوں کیلئے نمونے فرانزک لیب کو ارسال کردیئے گئے ہیں، رپورٹ پانچ روز تک موصول ہو گی۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کی رات لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ، دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مزیدخبریں