موٹروے زیادتی کیس کمیٹیوں سے حل نہیں ہوگا: چودھری شجاعت حسین

12 Sep, 2020 | 10:56 AM

Sughra Afzal

ظہور الٰہی روڈ (علی اکبر) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موٹروے پر خاتون کی عصمت دری کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہئے کہ زیادتی میں ملوث افراد کا یقین ہونے پر اپنے اختیار یا نا اختیار ہونے کا بھول کر مجرموں کو سرعام کوڑے مارے جائیں تاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ کوئی ان کی داد رسی کو آیا ہے۔

صدر مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین  سے ان کی رہائش گاہ پر سرائے عالمگیر سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی اسمبلی ملک محمد حنیف اور ملک جمیل نے ملاقات کرتے ہوئے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین اور مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری فنانس امتیاز احمد رانجھا بھی موجود تھے۔

 اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ایک بہت بڑی کمیٹی بنا دی گئی ہے ان کمیٹیوں سے معاملہ حل نہیں ہو سکے گا۔

چودھری شجاعت حسین نے دونوں رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ملک محمد حنیف ہماری پارٹی کی جانب سے تحصیل ناظم سرائے عالمگیر کیلئے امیدوار ہوں گے۔

 انہوں نے ملک حنیف سے کہا کہ آپ بھی اپنے علاقوں میں ہونے والے مظالم پر بھرپور آواز اٹھائیں۔

 چودھری شجاعت حسین نے سانحہ گجر پورہ پر مزید کہا کہ ایسا شرمناک واقعہ پیش ہی نہیں آنا چاہئے تھا، اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو عذاب لوگوں پر آیا ہوا ہے وہ شاید اس سانحہ کے مظلوموں کی داد رسی سے ختم ہو جائے۔

مزیدخبریں