(زاہد چودھری) لاہور پر ڈینگی کے خطرات منڈلانے لگے، میو ہسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا ایک اور مریض کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی۔
شہر میں بدستور ڈینگی بخار کے مریض سامنے آرہے ہیں، میو ہسپتال میں بادامی باغ کے رہائشی 23 سالہ فیصل ولد اللہ دتہ کے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، لاہور میں رواں برس ڈینگی بخار کے اب تک 22 مریضوں کی سرکاری طور پر تصدیق کی جاچکی ہے تاہم حالیہ موسم میں مریضوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ڈینگی کی تشخیص کیلئے مشین اور دو ٹیکنیشنز راولپنڈی بھجوا دیئے، ڈینگی بخار کے راولپنڈی میں وبائی شکل اختیار کرنے کے باعث جنرل ہسپتال نے بھی آٹو کیمسٹری اینلائزر مشین اور دو ٹیکنیشنز کو وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر راولپنڈی روانہ کیا، جنرل ہسپتال کی ٹیم ڈینگی بخار کی تشخیص کیلئے مریضوں کے ٹیسٹ کرے گی تاکہ ان کا بروقت علاج معالجہ ہوسکے۔
پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فرید ظفر کا کہنا ہے کہ کہیں بھی ضرورت ہوگی جنرل ہسپتال امدادی ٹیمیں بھجوانے کیلئے تیار ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر فرید ظفر نے بتایا کہ جنرل ہسپتال میں بھی ڈینگی سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل ہیں اور علیحدہ کاؤنٹر کے قیام کے علاوہ ڈینگی کیلئے بیڈز بھی مختص ہیں۔