عثمان الیاس :سابق خاتون اول اور نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد ہر آنکھ اشک بار،رائیونڈ جاتی امرا میں کارکنان و رشتہ داروں کی آمد کا سلسلہ جاری،نماز جنازہ کے انتظامات شروع کر دیئےگئے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں بیگم کلثوم نواز کی وفات کی خبر سنتے ہی رشتہ داروں اور کارکنان نے جاتی امراء کا رخ کر لیا،مسلم لیگ ن کی سینیئر رہنما تہمینہ دولتانہ کلثوم نواز کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، انکا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کے انتقال پر بہت افسوس ہوا،وہ نواز شریف کی بیگم ہی نہیں،انکا پارٹی میں بھی عظیم کردار رہاہے۔
ایم پی اے مرزا جاوید نے تصدیق کی کہ کلثوم نواز کی تدفین جاتی امراء میں ہی کی جائے گی تاہم نماز جنازہ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ کلثوم نواز کی تدفین جاتی کے لئے امراء میں انتظامات شروع کر دیئے گئے ،صفیں اور شامیانے منگوا لیےگئے ۔
میئر بہاولپور عقیل نجم ہاشمی اور سابق ایم پی اے شاہد محمود بٹ و دیگر بھی جاتی امراء پہنچے جبکہ رائیونڈ پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک روانی کیلئے نفری بھی تعینات کر دی گئی۔