سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس؛ عدالت نے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی

12 Oct, 2024 | 05:04 PM

جمال الدین : انسداد دہشتگردی عدالت نے 10سال پرانے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ 

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جے آئی ٹی کے رکن ڈی ایس پی محمد اعظم بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ 

گزشتہ روزگواہ محمداعظم نے وفات پاجانیوالے تفتیشی افسر کی جگہ بیان ریکارڈ کرایا تھا، تاہم آج گواہ محمد اعظم سے مرحوم تفتیشی افسر بارے بیان پر جرح مکمل کی گئی، گواہ نے تصدیق کی کہ مرحوم غلام مرتضی نے کیس کی تفتیش کی تھی، کہنا ہے کہ مرحوم نے تفتیشی رپورٹ کی ڈکٹیشن دی تھی جو اس کے ریڈر نے تحریر کی تھی ۔ 

دوران سماعت پاکستان عوامی تحریک کے وکیل مخدوم مجید حسین نے گواہ سے بیان پر جرح کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی کے رکن سابق ایس پی سیف المرتضی کو بطور گواہ طلب کرلیا ۔ 

واضح رہے کہ اب تک مجموعی طور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 107 گواہان کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے ۔ عدالت کا کہنا ہے کہ پولیس کیس اور دوسرے فریق کے استغاثہ پر ایک ساتھ فیصلہ ہو گا ۔

مزیدخبریں