ویب ڈیسک: بھارتی میڈیا کا بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اسٹار جوڑی کی علیحدگی کی وجہ ابھیشیک کا مبینہ غیر ازدواجی تعلق ہے۔
بالی وڈ کے معروف ستارے کپل ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کا رشتہ حالیہ عرصے سے مشکلات کا شکار ہے۔ یہ جوڑی کئی ماہ سے ایک ساتھ نظر نہیں آئی، جس کی وجہ سے طلاق کی افواہیں مداحوں کو افسردہ کر رہی ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا رپورٹ پر ریڈٹ صارفین کی پوسٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ابھشیک بچن کا فلم ’دسوی‘ کی اداکارہ نمرت کور کے ساتھ غیر ازدواجی تعلق جوڑے کے درمیان علیحدگی کی وجہ بنا جس کے بعد دونوں شخصیات نے ایک دوسرے سے راستے جدا کرلیے۔
پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’ابھیشیک بچن نے نمرت کور سے غیر ازدواجی تعلق قائم کرکے ایشوریا کو دھوکا دیا، مبینہ طور پر ابھیشیک نمرت کور کیلئے سنجیدہ ہوگئے تھے لیکن جب انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے ایشوریا کے پاس واپس آنے کی کوشش کی لیکن ایشوریا نے اس کی اجازت نہیں دی اور راستے الگ کرلیے‘۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایشوریا اس وقت اپنی بیٹی آرادھیا اور اپنی ماں کے ساتھ رہ رہی ہیں جہاں انہوں نے اپنی والدہ کی سالگرہ بھی صرف بیٹی کے ساتھ منائی، اس تقریب میں ابھیشیک کی غیر موجودگی نے دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو مزید تقویت دی تھی۔
دوسری جانب یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھیشیک ایشوریا کے سامنے خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں کیوں کہ ان کے فلمی کیرئیر میں آئے روز سامنے آنے والی ناکامیوں نے انہیں پریشان کررکھا ہے۔