راؤ دلشاد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جوبلی ٹاؤن میں واقع انڈس ہسپتال کے نیو ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جن میں ریسیسی ٹیشن پیڈز، سی ٹی سکین، نرسنگ سٹیشن، انفارمیشن ڈیسک اور فیملی میڈیسن سینٹر شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور صحت یابی کی دعا کی۔ ایک خاتون کی جانب سے پولیس کے خلاف شکایت پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو موقع پر طلب کیا گیا اور شکایت کا فوری ازالہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے ہسپتال میں پیپر لیس ڈیش بورڈ سسٹم کا مشاہدہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ان کی صحت کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے سپیشل افراد کے لیے بلڈنگز میں ریمپ کی تعمیر کی یقین دہانی بھی کروائی۔
وزیر اعلیٰ نے انڈس ہسپتال کے نظام اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے صوبے کے دیگر ہسپتالوں میں بہتری لانے کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہیلتھ کا معاملہ دراصل انسانی زندگی کا معاملہ ہے" اور غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
مریم نواز نے بتایا کہ رجب طیب اردگان ٹرسٹ کے تحت 70 لاکھ مریض مفت و معیاری علاج سے مستفید ہو چکے ہیں۔