دور نایاب: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ ساہیوال کے بعد مراکہ انٹرچینج ایس ایل تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف ڈبلیو او حکام نے وزیراعلیٰ کو ایس ایل تھری پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتےہوئے کہا کہ جوائنٹ سروے اور راستے کی کلیرنس کا کام 100فیصد مکمل ہو چکا ہے۔8برج،5سب وے اور 14نکاسی آب کے راستوں پر کام 20فیصد مکمل ہو چکا ہے۔سڑک کی تعمیر کے لئے 20ملین فٹ مٹی سب وے مکمل ہو چکی ہے۔ مجموعی طور پر 8کلومیٹر طویل سڑک پر 88ملین فٹ مٹی سے سب وے بنے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سدرن لوپ تھری کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سدرن لوپ تھری لاہور کا بڑا پراجیکٹ ہے جلد مکمل کرکے شہریوں کے لئے کھول دیں گے۔ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کو جلدمکمل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ مراکہ انٹر چینج ایس ایل تھری اور ایس ایل فور کو باہم منسلک کرنے کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے۔لاہور،قصور جانے اور جنوبی پنجاب سے آنے والی ٹریفک کو بے حدآسانی ہو گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مراکہ انٹر چینج مستقبل میں ایس ایل تھری کومستقبل میں بننے والے ایس ایل فور سے ملا ئے گا۔وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کا دورہ کر چکا ہوں،میری ٹیم لگا تار مختلف شہروں کے دورے کرتی رہتی ہے۔کسی جگہ میں نہ پہنچ پاؤں تو میری ٹیم پہنچ جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نگران کابینہ کا اگلا اجلاس لاہور کی بجائے کسی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ سموگ پر قابو پایا جائے۔ سموگ سے بچنے کے لئے مراکہ ایس ایل تھری پراجیکٹ سمیت ہر پراجیکٹ میں سائیٹ پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ انسداد سموگ کے لئے ماہرین سے مشاورت کی گئی ہے،حتمی فیصلے ہونا ابھی باقی ہیں۔ سموگ کے لیول کو مدنظر رکھ کرماہرین کے مشورے سے آئندہ فیصلے کئے جائیں گے۔ کابینہ کے اگلے اجلاس میں سموگ کے حوالے سے فیصلے ہوں گے لیکن ہر فیصلہ سموگ کے لیول سے مشروط ہو گا۔
چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور ایف ڈبلیو او کے حکام اس موقع پر موجود تھے۔
سدرن لوپ تھری لاہور کا بڑا پراجیکٹ ہے جلد مکمل کرکے شہریوں کیلئے کھول دیں گے، محسن نقوی
12 Oct, 2023 | 10:01 PM