(قیصر کھوکھر)فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے محکمہ بلدیات متحرک ہوگیا، کوڑا کرکٹ جلانے اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ۔
سیکرٹری بلدیات سید مبشر حسین نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے محکمہ بلدیات نے کوڑا کرکٹ جلانے اور تجاوزات کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ لوکل گورنمنٹس نے فصلوں کی باقیات ، کوڑا کرکٹ جلانے اور تجاوزات کرنیوالے 14افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ 79افراد کیخلاف مقدمات درج کر دیئے گئے۔
سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ کوڑا کرکٹ جلانے اور تجاوزات کرنیوالوں کو اب تک 41لاکھ 74 ہزار جرمانہ کیا جا چکا ہے ۔صوبہ بھر میں تجاوزات کو کم کرکے ٹریفک کی روانی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ سید مبشر حسین کا مزید کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ریت اور مٹی کی ٹرالیوں کو بغیر ترپال کے روڈ پر لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔