(قیصر کھوکھر) پنجاب حکومت کے پاس سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پیسے نہیں، مگر افسران کے دفاتر کی تزئین و آرائش پر لاکھوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔
پنجاب حکومت مسلسل دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ایک طرف یہ شور ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے پنجاب حکومت کا خزانہ خالی ہے، لیکن دوسری جانب سرکاری افسران شاہ خرچیوں میں کوئی کمی نہیں آئی اور اب افسران کے دفاتر کی تزئین و آرائش پرلاکھوں روپے کا بجٹ خرچ کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری آرکائیو عائشہ حمید کو اپنے دفتر کا کمرہ پسند ہی نہیں آیا، جس پر اچھے بھلے دفتر کی نئے سرے سے تزئین و آرائش شروع کروا دی گئی ہے۔ سیکرٹری آرکائیو کے دفتر کی نئی سیلنگ لگائی جا رہی ہے جبکہ وڈ ورک بھی کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ساتھ قیمتی ٹائلیں بھی لگائی جا رہی ہیں۔