کیا ورلڈکپ سے قبل رضوان اور بابر کی اوپننگ جوڑی تبدیل ہوگی؟

12 Oct, 2022 | 12:55 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر  بیٹر محمد رضوان کو تبدیل کرنے کے حوالے سے بیان سامنے آگیا۔

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے چوتھے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا 'پچھلے دو سالوں سے یہ جوڑی ٹاپ پر کھیل رہی ہے، اس کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور اب ورلڈ کپ سے کچھ دن پہلے  ایسی  تبدیلی نہیں ہونی چاہیے'۔انہوں نے کہا 'ایسا کرنا خطرے سے خالی نہیں ہوگا،  رضوان سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پلیئر آف دی میچ رہے، اس کے بعد بابر نے بھی ایوارڈ جیتا'۔ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ 'انتظامیہ کا خیال ہے کہ جس طرح سے دونوں کھیل رہے ہیں، اس میں تبدیلیاں نہیں کی جانی چاہئیں، خاص طور پر ورلڈ کپ سے پہلے'۔

واضح رہے کہ رضوان اور بابر نے ایک ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے 2000 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔

 تاہم مڈل آرڈر کی مسلسل ناکامی کے بعد کہا جارہا تھا کہ مڈل آرڈر بیٹرز کو اوپننگ کرائی جائے اور بابر اور رضوان کو تیسرے یا چوتھے نمبر پر کھلایا جائے۔

مزیدخبریں