(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کی پاکستانی گلوکار علی ظفر کے گانے "سن رے سجنیا تیرے سنگ دنیا" پر ڈانس ویڈیو کی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی۔
نوے کی دہائی میں بالی ووڈ پر راج کرنے والی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر علی ظفر کے گانے "سن رے سجنیا تیرے سنگ دنیا" پر ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے کہ تم سے ہی ہم کو پیار ہے۔ مادھوری کی ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
مادھوری کی اس ویڈیو کو علی ظفر نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر ری شیئر کیا ہے اور مادھوری کے ڈانس پر اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا ہے۔
علی ظفر نے اپنی اسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ اپنی پسندیدہ مادھوری ڈکشٹ کو اپنے گانے پر ڈانس کرتے دیکھنا بہت خوبصورت احساس ہے۔
دوسری جانب علی ظفر کے گانے پر ڈانس کرتی مادھوری ڈکشٹ کی پاکستانی اداکار عمیر رانا نے بھی تعریف کی ہے۔
واضح رہے کہ مادھوری 1980ء، 1990ء کی دہائیوں کے اواخر اور 2000ء کی دہائی کے اوائل کی بھارتی فلم کی صف اوّل کی مشہور ترین اور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ہے، انہیں ان کی اداکاری اور رقص کی صلاحیتوں کی بنا پر بے حد سراہا جاتا رہا۔
مادھوری نے اپنے فنی سفر کے دوران میں بے شمار اعزازات حاصل کیے جن میں 2008ء کے چھ فلم فیئر ایوارڈ بھی شامل ہیں۔ بھارتی سرکار نے مادھوری کو ریاست کے چوتھے بڑے سول اعزاز پدما شری سے نوازا۔