شرمیلا فاروقی کے والداورخرم شیر زمان کی والدہ کے جنازوں میں جیب کتروں کا راج

12 Oct, 2021 | 06:42 PM

Malik Sultan Awan

ویب ڈیسک: شرمیلا فاروقی کے والد عثمان فاروقی  اورخرم شیر زمان کی والدہ کے جنازے میں جیب کتروں کے وارے نیارے، جنازوں میں شرکت کرنے والے افراد کو اپنی قیمتی اشیاء اور نقدی سے محروم کردیا۔

ڈیفنس فیز 5 کے علاقے میں واقع سلطان مسجد میں پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،  نماز جنازہ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور  پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز ، ایم پی ایز نے شرکت کی۔

خرم شیر زمان کی والدہ کے نماز جنازہ کے دوران جیب کتروں کا گروہ بھی سرگرم رہا،  پی ٹی آئی ایم پی اے راجہ اظہر کا موبائل، جیب سے دس ہزار روپے اور شناختی کارڈ نکالنے والا مبینہ جیب کترا پکڑا گیا،راجہ اظہرنے بتایا کہ میں نے خود اس شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جبکہ مبینہ چور کا کہنا تھا کہ اس نے کوئی چوری نہیں کی۔جنازے میں ایک اور جیب کترے سے دو موبائل برآمدکرلئے گئے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، موبائل نمازیوں نے سلطان مسجد کے پیش امام کے حوالے کردئیےجبکہ امام نے موبائل فون پولیس افسر کےسپرد کردئیے۔

شرمیلا فاروقی کے والد عثمان فاروقی کی نمازہ جنازہ طارق روڑ رحمانیہ مسجد میں ادا کردی گئی نماز جنازہ تنویرا لحق تھانوی نے پڑھائی، جنازہ میں وزیرا طلاعات سعید غنی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، نماز جنازہ کے دوران شرمیلا فاروقی بھی مسجد میں موجود رہیں۔

شرمیلا فاروقی کے والد عثمان فاروقی کے جنازے میں بھی جیب کترے باز نہ آئے،  طارق ٹریڈر الائنس کے صدر اسلم بھٹی موبائل سے محروم ہوگئے،اسلم بھٹی  نے بتایا کہ  کندھا دینے کے دوران یہ واقع پیش آیا، وہ مسجد میں زور سےچلائے لیکن جیب کترا ہاتھ  نہ آیا۔

مزیدخبریں