( عرفان ملک ) خود کو اے ایس پی عہدے کا افسر ظاہر کرنیوالا بہروپیا حمزہ سلیم گرفتار کرلیا گیا، ملزم پولیس اہلکاروں کیساتھ تصاویر بنوا کر مقاصد کیلئے استعمال کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم حمزہ سلیم مختلف تھانوں میں جا کر اپنا تعارف زیر تربیت اے ایس پی کے طور پر کراتا تھا، ملزم کے موبائل سے اسلحے کی نمائش سمیت انڈین پولیس یونیفارم میں ملبوس تصاویر برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے 4 شناختی کارڈز، 4 ویزہ کارڈز، موبائل فونز، نقدی اور طلائی چین برآمد کی گئی۔ دوران تفتیش رائیونڈ کے رہائشی ملزم نے بتایا کہ وہ میٹرک پاس اور میڈیکل سٹور چلاتا ہے۔
رائیونڈ کے علاقے سے ہی جعلی کرنل گرفتار کرلیا گیا۔ اے سی رائیونڈ عدنان رشید فیلڈ میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنا رہے تھے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جم کو سیل کردیا گیا لیکن اس دوران ایک شخص نے کار سرکار میں مداخلت کی اور اے سی رائیونڈ کو کارروائی کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔
اس شخص نے خود کو حساس ادارے و ایجنسی کا اعلی افسر بتایا۔ شک پڑنے پر حساس ادارے کو فوری اطلاع دے کر اس کی جانچ پڑتال کروائی گئی۔ حساس ادارے سے جواب ملا کہ شہزاد نواز کسی سکیورٹی ادارے کا ملازم نہیں۔ جعلی ثابت ہونے پر اس کو پکڑ کر متعلقہ تھانہ میں بند کروا دیا گیا ہے جبکہ اس شخص سے حساس ادارے کا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔