عمر اسلم: نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز نے ووٹ کو عزت دو پاسبان بننے والے کارکنان سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی اور انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کے مختلف طبقات کو آئین اور جمہوریت سے روشناس کرانے کی مسلم لیگ ن کی شروع کردہ رابط مہم کا حصہ ہے ،مہم نوجوان نسل اور عام عوام کو اپنے ووٹ کے آئینی حق اور اس کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے شروع کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید ،مریم اورنگزیب ،خواجہ عمران نذیر ،سائرہ افضل تارڑ،عطااللہ تارڑ سمیت دیگر نے شرکت کی نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس مہم کے ذریعے نوجوان نسل، خواتین سمیت معاشرے کے تمام شعبہ جات اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی سیاسی تربیت کی جائے گی۔
مریم نواز کاکہناتھا کہ مہم سے وفاقی پارلیمانی نظام جمہوریت کی اہمیت سے عوام آگاہ ہوں گے، اور مہم شروع کرنے کا ایک مقصد یہ ہے کہ جمہوری جدوجہد، سیاسی اختلاف رائے اور مخالفین سے مہذب انداز میں مکالمہ کی اہمیت سے عوام کو روشناس کرایا جائےجبکہ مہم کا ہدف ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوری سیاسی اور شائستہ کلچر پروان چڑھےاور آئین کی پاسبانی، پاکستان کی پاسبانی ہے۔
مریم نواز کاکہناتھا کہ مضبوط آئین مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہےجبکہ جمہوریت میں مکالمے اور دلیل سے اختلاف رائے کے تبادلے کی مثبت اقدار کو فروغ دیاجائے ،آئین کی سربلندی، عزت ، خودمختاری اور خوشحالی آئین اور ووٹ کی حرمت سے ہی ممکن ہے۔اس موقع پر ایم پی اے میاں نصیر احمد، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن یوتھ ونگ لاہور فیصل سیف کھوکھر،میاں فقیر حسین،رانا تنویر ،محمد ذوالفقار اور ذیشان ملک سمیت دیگر بھی موجودتھے۔