(عثمان علیم/زاہد چودھری)عالمگیرکورونا وباء کے وار جاری ہیں۔ پنجاب میں سب زیادہ لاہور متاثر ہورہا،چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 77 نئے کیسز جن میں 50لاہور سے رپورٹ ہوئے۔کورونا سے متاثرہ شہروں میں ادارہ شماریات کا سروے کروانے کا فیصلہ کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ جاری ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 77کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 50مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ تاہم صوبے میں کورونا سے مزید ایک موت واقع ہوئی ہے ۔ کورونا وبا کے دوران صوبے بھر میں ایک لاکھ 764کورونا کیسز اور 2258اموات ہوچکی ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ 50557کیسز اور 869اموات لاہور میں رپورٹ ہوئی ہیں ۔ پنجاب بھر میں کورونا سے متاثرہ 96945 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ۔
وبائی مرض کی لہر میں اضافے پرکورونا سے متاثرہ شہروں میں ادارہ شماریات کا سروے کروانے کا فیصلہ کیا گیا، سروے یونیسیف، پنجاب حکومت کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا، سروے پر 5 کروڑ 90 لاکھ کے اخراجات آئیں گے،مقصد کورونا کے منفی اثرات کا اندازہ لگانا،ریکارڈ مرتب کرنا ہے،ریکارڈ آئندہ پلاننگ، سہولیات کی فراہمی میں استعمال ہوگا۔
مختلف اضلاع میں موجود طبی سہولیات کی کمی کا اندازہ لگایا جائےگا،وسائل کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے، سروے کے لئے ٹیم کی5 روزہ ٹریننگ کروائی جائےگی، ٹیم کے سپورٹنگ سٹاف کو روزانہ 1500 روپے دیئے جائیں گے۔
ملک میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونانے مزید 10 افراد کی جان لے لی جس سے اموات کی مجموعی تعداد 6ہزار580 ہوگئی۔ 385 نئے کیسزرپورٹ ہوئے۔ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار317 ہوگئی۔ایکٹوکیسز 8ہزار552 ہوگئے۔
واضح رہے کہ لاہور میں کورونا کیسز والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے سخت فیصلوں کی حکمت عملی تیار کر لی ہے، جن علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو گا۔ ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی آپشن کو استعمال کیا جائے گا۔