حکومت کی مشکلات میں اضافہ، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے اہم مطالبہ کردیا

12 Oct, 2019 | 06:32 PM

Arslan Sheikh

( سعدیہ خان ) پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف سرگرم ہوگئی، آصف علی زرداری رہائی کمیٹی کے زیراہتمام چیئرنگ کراس پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا، سابق گورنر لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔

آصف علی زرداری رہائی کمیٹی کے زیراہتمام چیئرنگ کراس پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا، کیمپ میں پیپلزپارٹی رہنماؤں، خواتین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر لطیف کھوسہ نے وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنیوالے نے عوام کو بے روزگار کردیا، عمران خان غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی مولانا کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے جبکہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے۔

پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ سی پیک، صوبوں کو شناخت، حقوقِ بلوچستان کا آغاز اور پاکستان کو مظبوط کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، اس کیخلاف پیپلزپارٹی کراچی سے کشمیر تک عوامی رابطہ مہم شروع کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سے مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ گزرے گا پیپلزپارٹی اس کا استقبال کرے گی۔

پیپلزپارٹی کے قائدین کی رہائی کیلئے لگائے گئے احتجاجی کیمپ سے ثمینہ خالد گھرکی، اسلم گل، سہیل ملک، نرگس خاں اور شاہدہ جبیں سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں