لیسکو ان ایکشن، سرکاری اداروں کے کنکشن منقطع

12 Oct, 2018 | 09:13 PM

Arslan Sheikh

شاہد سپرا: وفاقی و صوبائی محکمے اور ادارے بجلی کے بلوں کی مد میں چار ارب روپے کے نادہندہ نکلے، کمپنی نے واجبات کی وصولی کے لئے سرکاری کنکشن منقطع کرنا شروع کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی و صوبائی ادارے اور محکمے بجلی کے بلوں کی مد میں اربوں روپے دبا کر بیٹھ گئے ہیں، لیسکو نے سرکاری محکموں سے چار ارب روپے بلوں کی مد میں وصول کرنے ہیں۔ سٹی فورٹی ٹو نے نادہندہ محکموں اور اداروں کی فہرست حاصل کر لی ہے۔ دستاویزات کے مطابق واسا لاہور کے ذمہ 91 کروڑ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن 73 کروڑ جب کہ محکمہ صحت کے ذمہ 19 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

اسی طرح پنجاب پولیس لاہور 14 کروڑ روپے، پنجاب جیل 10 کروڑ روپے، ضلعی انتظامیہ 8 کروڑ، پی ایچ اے 6 کروڑ، ڈسٹرکٹ ہسپتال 6 کروڑ اور پنجاب ہائی وے 5 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے، دستاویزات کے مطابق لاہور رنگ روڈ اتھارٹی 5 کروڑ، پنجاب ہیلتھ 5 کروڑ 19 لاکھ، جب کہ ایگزیکٹو آفیسر والٹن کی طرف 8 کروڑ روپے کا بل واجب الادا ہے۔

لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کے مطابق حتمی نوٹسز کے بعد کنکشن منقطع کئے جا رہے ہیں، بلوں کی ادائیگی کی یقین دہانی اور چیک لینے کے بعد منقطع کنکشن بحال ہونگے۔

مزیدخبریں